پٹنہ،22 /جنوری(آئی این ایس انڈیا) جنتا دل یونائٹیڈ کے نائب صدر پرشانت کشور نے لکھنومیں دئیے گئے امت شاہ کے بیان کو لے کر نشانہ لگایا ہے۔امت شاہ نے منگل کو لکھنؤ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی اے اے کے خلاف کتنا بھی احتجاجی مظاہرہ کرلو یہ واپس ہونے والا نہیں ہے۔ پرشانت کشور نے اس بیان کو لے کر بدھ کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شہریوں کی نااتفاقی کو مسترد کرنا کسی بھی حکومت کی طاقت کا اشارہ نہیں ہے۔امت شاہ جی، اگر آپ این آر سی،سی اے اے کی مخالفت کرنے والوں کی پرواہ نہیں کرتے ہیں، تو آپ آگے کیوں نہیں بڑھ رہے ہیں اور اس کرونولوجی کے تحت سی اے اے اور این آرسی نافذکرنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے۔
بتادیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی مخالفت کر رہے اپوزیشن پارٹیوں پر نشانہ لگاتے ہوئے منگل کو انہیں چیلنج کیا تھا کہ جس کو مخالفت کرنا ہے، کرے لیکن سی اے اے واپس نہیں ہونے والا ہے۔شاہ نے کہاکہ اس بل کو لوک سبھا میں پیش کیا ہے۔میں پوزیشن سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اس بل پر عوامی طور پر بحث کر لو کہ کیسے کسی بھی شخص کی شہریت لے سکتا ہے اسے ثابت کر کے دکھائیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا تھاکہ ملک میں سی اے اے کے خلاف بھرم پھیلایا جا رہا ہے، فسادات کرائے جا رہے ہیں۔ سی اے اے میں کہیں پر بھی کسی کی شہریت لینے کا کوئی ذکرنہیں ہے، اس میں شہریت دینے کا قانون ہے۔میں آج ڈنکے کی چوٹ پر کہنے آیا ہوں کہ جس کو مخالفت کرنا ہے کرے، سی اے اے واپس نہیں ہونے والا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی سمیت اپوزیشن پارٹیاں اس کی مخالفت کر رہی ہیں کیونکہ ان کی آنکھوں پر ووٹ بینک کی پٹی بندھی ہے۔